سندھ میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت، 16 نئے مریضوں کی تصدیق، پاکستان میں متاثرین کی تعداد 467 ہو گئی، کل ہلاکتیں 3


کراچی میں آج کورونا کے ایک مریض ہلاک ہو  گیا، جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین ہو گئی ہے. جمعرات کو ایک دن میں سے سب سے زیادہ 143 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

 جمعے کو ہلاک ہونے والے 77 سالہ مریض کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ اس سے قبل دو افراد خیبر پختونخوا میں ہلاک ہوئے تھے۔ اب تک اس وائرس سے پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 467 ہو گئی ہے جن میں سے چار صحت یاب ہو چکے ہیں۔

 پاکستان میں جن افراد میں کورونا وائرس پایا گیا ہے ان میں سے نصف سے زیادہ ایران سے واپس آنے والے زائرین ہیں جنھیں ان کے صوبوں میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

پاکستان میں کراچی شہر میں اس وائرس کا سب سے زیادہ مقامی سطح پر پھیلاؤ دیکھنے میں آیا ہے اور وہاں  یہ وائرس 80 سے زیادہ ایسے افراد میں پایا گیا ہے جنھوں نے بیرونِ ملک سفر نہیں کیا تھا۔


Comments